صدر زرداری کے استعفے کی افواہیں بے بنیاد اور گمراہ کن قرار، پیپلز پارٹی کی وضاحت

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے صدر آصف علی زرداری کے استعفے سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور جمہوری اداروں کو کمزور کرنے کی منظم کوشش قرار دیا ہے۔

پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے اپنے باضابطہ بیان میں کہا کہ یہ افواہیں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پھیلائی جا رہی ہیں تاکہ سیاسی عدم استحکام پیدا کیا جائے۔ انہوں نے کہا، “یہ تمام خبریں جھوٹ پر مبنی ہیں اور عوام کو گمراہ کرنے کے لیے منفی پراپیگنڈے کا حصہ ہیں۔ عوام ان جھوٹی افواہوں، جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کا حصہ نہ بنیں۔”

شیری رحمان نے صدر زرداری کے جمہوری کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ آئینی اقدار کے محافظ اور جمہوری استحکام کی علامت رہے ہیں۔ “صدر زرداری نے ہر نازک وقت میں جمہوریت کا علم بلند رکھا ہے۔ انہوں نے اپنی مرضی اور سیاسی بصیرت سے تمام اختیارات پارلیمان کو منتقل کیے، جو ان کے جمہوریت سے پختہ عزم کا ثبوت ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ آج صدر زرداری اتحادی حکومت کے توازن اور استحکام کی علامت ہیں۔ “وہ پارلیمانی نظام کے اصل محافظ اور آئینی تسلسل کے ضامن ہیں۔ ان کی موجودگی آئین، پارلیمان اور جمہوری اداروں کی حفاظت کی ضمانت ہے۔”

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ صدر کے استعفے سے متعلق تمام قیاس آرائیاں جھوٹ پر مبنی ہیں اور ان میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے کہا، “صدر زرداری اپنی آئینی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہے ہیں اور اپنے عہدے پر قائم ہیں۔ اس قسم کی افواہیں صرف عوام کو الجھانے اور جمہوریت کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔”

یاد رہے کہ اس سے ایک روز قبل پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نیئر بخاری بھی صدر زرداری کے استعفے سے متعلق خبروں کی تردید کر چکے ہیں۔ انہوں نے بھی ان افواہوں کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

پیپلز پارٹی نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں پر یقین نہ کریں اور ایسے عناصر سے ہوشیار رہیں جو جمہوری اداروں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پارٹی نے واضح کر دیا ہے کہ صدر زرداری اپنے عہدے پر قائم ہیں اور آئینی و جمہوری اداروں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کے استعفے سے متعلق افواہیں سراسر جھوٹ اور سیاسی سازش کا حصہ ہیں۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

ایس ایس جی کمانڈر میجر عدنان اسلم شہادت کے رتبے پر فاٸز

إِنَّا اِلِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ بہادری کی اعلیٰ مثال قاٸم کرنے والے ایس ایس جی …