اداکارہ حمیرا اصغر کے قتل کے شواہد نہیں ملے، ڈی آئی جی ساؤتھ

معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم پولیس نے واضح کیا ہے کہ اب تک ایسے کوئی شواہد نہیں ملے جن سے یہ ثابت ہو کہ انہیں قتل کیا گیا ہو۔ ان کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس میں واقع فلیٹ سے انتہائی خراب حالت میں ملی تھی اور بظاہر کئی ماہ سے وہیں موجود تھی۔

جیو نیوز کی خصوصی نشریات میں گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے واقعے کی تفصیلات بتائیں۔ ان کے مطابق جب پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو لاش مکمل طور پر خراب ہو چکی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حمیرا اصغر کی موت ممکنہ طور پر گزشتہ سال ستمبر اور اکتوبر کے درمیان ہوئی تھی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی اس بات کی تصدیق کی گئی کہ موت کو 8 سے 10 ماہ گزر چکے تھے۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ طارق نے بتایا کہ لاش گلنے سڑنے کے آخری مرحلے میں تھی اور جسم کی کسی ہڈی پر چوٹ یا تشدد کے کوئی آثار نہیں ملے، جو اس بات کی دلیل ہے کہ ان کی موت پرتشدد نہیں تھی۔

اس کیس میں سب سے زیادہ سوال اس بات پر اٹھ رہے ہیں کہ لاش اتنے عرصے تک کسی کو محسوس کیوں نہ ہوئی۔ تفتیش کے مطابق حمیرا کے فلیٹ کے برابر والا اپارٹمنٹ اکتوبر سے فروری تک خالی رہا۔ پولیس کا ماننا ہے کہ لاش کے گلنے سے جو بدبو پیدا ہوئی تھی وہ ابتدائی مہینوں میں ہی ختم ہو گئی تھی، جس کے بعد کسی کو اس کی موجودگی کا علم نہیں ہو سکا۔

پولیس اس بات کا بھی جائزہ لے رہی ہے کہ حمیرا اصغر نے فلیٹ کب کرائے پر لیا اور کیا انہیں کرایہ ادا نہ کرنے پر کوئی نوٹس جاری کیا گیا تھا؟ ان تفصیلات سے ان کی زندگی کے آخری ایام کا پتا چلانے میں مدد مل سکتی ہے۔

تحقیقات کے دوران حمیرا اصغر کا آخری آڈیو میسج بھی سامنے آ چکا ہے۔ حکام اس بات کی چھان بین کر رہے ہیں کہ یہ پیغام کس کو بھیجا گیا تھا اور کیا اس میں موت سے متعلق کوئی اشارہ موجود ہے۔

فی الحال ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں قتل کے کوئی شواہد نہیں ملے، تاہم معاملے کی مکمل چھان بین جاری ہے تاکہ موت کی اصل وجوہات سامنے آ سکیں۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

ایس ایس جی کمانڈر میجر عدنان اسلم شہادت کے رتبے پر فاٸز

إِنَّا اِلِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ بہادری کی اعلیٰ مثال قاٸم کرنے والے ایس ایس جی …