بھارت کو سفارتی اور دفاعی محاذ پر ایک بڑا دھچکا لگا ہے، کیونکہ برازیل نے بھارت کے تیار کردہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے آکاش میزائل سسٹم کی خریداری کے لیے جاری مذاکرات روک دیے ہیں۔ اس کے بجائے، برازیل نے ایک جدید اور طویل رینج کے حامل یورپی میزائل نظام کو ترجیح دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، برازیل کی فضائیہ نے ابتدائی طور پر بھارت کے پرانے آکاش میزائل سسٹم میں دلچسپی ظاہر کی تھی، لیکن اب اس کی توجہ یورپی دفاعی کمپنی MBDA کے تیار کردہ CAMM-ER میزائل کی طرف منتقل ہو گئی ہے۔ CAMM-ER کی رینج تقریباً 45 کلومیٹر ہے، جو آکاش کی 25 سے 30 کلومیٹر کی رینج سے کہیں زیادہ ہے۔
ذرائع کے مطابق، برازیلی حکام بھارت کی طرف سے پیش کی گئی آفر میں جدید آکاش-این جی سسٹم کی عدم موجودگی پر تحفظات رکھتے تھے، کیونکہ یہ سسٹم ابھی تیاری کے مراحل میں ہے۔ اسی لیے برازیل نے ایسے نظام کو ترجیح دی جو جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہو اور پہلے سے یورپی ممالک میں کامیابی سے استعمال ہو چکا ہو۔
MBDA کا Enhanced Modular Air Defence Solutions (EMADS) سسٹم CAMM-ER میزائل استعمال کرتا ہے، جو 360 ڈگری دفاعی صلاحیت، سافٹ ورٹیکل لانچ ٹیکنالوجی، اور جدید ریڈار سیکرز سے لیس ہے۔ یہ سسٹم پہلے ہی برطانیہ، اٹلی اور پولینڈ میں تعینات کیا جا چکا ہے۔
برازیل اس معاہدے کے تحت تقریباً 920 ملین امریکی ڈالر (تقریباً 5 ارب برازیلین ریئلز) مالیت کا دفاعی نظام حاصل کرنا چاہتا ہے، جس میں میزائل لانچرز، ریڈار سسٹمز، اور کمانڈ اینڈ کنٹرول انفراسٹرکچر شامل ہوں گے۔
یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب حال ہی میں بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی اور برازیلی صدر لولا ڈی سلوا کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔ ستمبر 2023 کے جی-20 اجلاس کے موقع پر دونوں رہنماؤں نے دفاع، خلائی تحقیق، اور سائبر سیکیورٹی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا تھا، مگر آکاش میزائل کے حوالے سے کوئی حتمی پیشرفت نہ ہو سکی۔
بھارتی دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق، برازیل کا یہ فیصلہ بھارت کے لیے ایک سفارتی جھٹکا ہے کیونکہ آکاش میزائل سسٹم کو بھارت کی مقامی دفاعی صنعت کی کامیابی کے طور پر پیش کیا جاتا ہے۔ بھارت اس سسٹم کو ویتنام، فلپائن اور ارجنٹینا جیسے ممالک کو برآمد کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
برازیل کی دستبرداری اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ بھارت کو عالمی دفاعی مارکیٹ میں سخت مقابلے کا سامنا ہے، خاص طور پر اُن مغربی حریفوں سے جن کے پاس جدید ٹیکنالوجی اور آزمودہ نظام موجود ہیں۔
Urdu News Nation