اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات میں پیشرفت: موبائل ڈیٹا نے وقت اور رابطہ فہرست کا انکشاف کر دیا

ٹیلی ویژن اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس کو ان کے موبائل فونز سے حاصل ہونے والی معلومات نے واقعے کے وقت اور حالات کو واضح کرنے میں مدد دی ہے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق، حمیرا اصغر نے آخری بار اپنا موبائل فون 7 اکتوبر 2024 کو شام 5 بجے استعمال کیا تھا۔ اسی دن انہوں نے 14 مختلف افراد سے فون یا پیغام کے ذریعے رابطہ کیا۔ یہ تفصیلات اس بات کو تقویت دیتی ہیں کہ ان کی موت غالباً اسی تاریخ کو واقع ہوئی، یعنی تقریباً آٹھ ماہ قبل۔

تفتیشی حکام کے مطابق، ان کے فلیٹ سے تین موبائل فونز، ایک ٹیبلیٹ، ایک ذاتی ڈائری اور دیگر اہم دستاویزات برآمد کی گئی ہیں۔ تینوں فونز میں ان کے نام پر رجسٹرڈ سمیں موجود تھیں۔ خاص بات یہ ہے کہ دو موبائل فونز پاس ورڈ سے محفوظ نہیں تھے، جس سے پولیس کو کال لاگز، پیغامات اور روابط تک براہ راست رسائی حاصل ہو گئی۔

ان فونز میں موجود ڈیٹا کے مطابق، مجموعی طور پر 2 ہزار سے زائد نمبرز محفوظ تھے، جبکہ حمیرا کی 75 نمبرز سے مسلسل بات چیت کے شواہد بھی ملے ہیں۔ پولیس ان افراد کی شناخت اور تفتیش کر رہی ہے تاکہ موت سے پہلے کے حالات کا اندازہ لگایا جا سکے۔

حمیرا اصغر کی سڑی ہوئی لاش 8 جولائی 2025 کو ڈیفنس کے اتحاد کمرشل علاقے میں واقع ایک فلیٹ سے برآمد ہوئی۔ یہ فلیٹ اس وقت کھولا گیا جب مالک مکان کی کرایہ ادائیگی نہ ہونے پر عدالت سے رجوع کرنے کے بعد عدالتی بیلف پولیس کے ساتھ موقع پر پہنچا۔ بار بار دستک کے باوجود دروازہ نہ کھلنے پر دروازہ توڑا گیا، جہاں اداکارہ کی لاش برآمد ہوئی۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق، لاش گلنے سڑنے کے آخری مرحلے میں تھی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ موت کو کم از کم آٹھ ماہ گزر چکے تھے۔

تاحال پولیس نے موت کی وجوہات یا کسی مجرمانہ پہلو کی تصدیق نہیں کی، لیکن برآمد شدہ آلات اور دستاویزات کی مکمل جانچ جاری ہے۔ تفتیش کا مرکزی نکتہ اب یہ جاننا ہے کہ موت کن حالات میں ہوئی اور اتنے عرصے تک کسی نے گمشدگی کی رپورٹ کیوں درج نہیں کرائی۔

مزید پیشرفت جلد سامنے لانے کا عندیہ دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں

اداکارہ حمیرا اصغر کی موت ممکنہ طور پر اکتوبر 2024 میں ہوئی

https://m.facebook.com/story.php?story_fbid=pfbid035eoE5UYLTXtNG8CrqgY3WVHVXdUmJWqtu8CKcx43ietBR8nkPxVrFhiQqgoZXQW9l&id=100077687503690&mibextid=Nif5oz

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

ایس ایس جی کمانڈر میجر عدنان اسلم شہادت کے رتبے پر فاٸز

إِنَّا اِلِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ بہادری کی اعلیٰ مثال قاٸم کرنے والے ایس ایس جی …