راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ رات ہونے والی موسلا دھار بارش نے نظامِ زندگی درہم برہم کر دیا۔ شدید بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے اور ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی، جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ جڑواں شہروں میں اب تک 250 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس کے نتیجے میں ندی نالے بپھر گئے ہیں۔
نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں پر 20 فٹ اور گوالمنڈی پر 19 فٹ تک پہنچ گئی ہے، جس پر خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں۔ متعلقہ علاقوں میں رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ شاہ پور سمیت متعدد علاقوں میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے، جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والا ایک اہم پل بھی زیر آب آ گیا ہے۔
ریسکیو ٹیمیں، واسا، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ ادارے ہائی الرٹ پر ہیں۔ نالہ لئی کے اطراف سائرن بجا کر خطرے سے آگاہ کیا جا رہا ہے، اور کٹاریاں و گوالمنڈی میں انخلاء کی وارننگ جاری کی جا چکی ہے۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ احتیاط کریں اور نشیبی علاقوں سے فوری طور پر نکل جائیں۔
راولپنڈی میں 200 ملی میٹر سے زائد اور اسلام آباد کے سیکٹر I-12 میں 186 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ڈھوک کھبہ سمیت مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور ضلع بھر میں ایک روز کی چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے۔ عوام سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے اور نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کا کہا گیا ہے۔
مریم نواز نے سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ سرکاری ادارے بھرپور محنت سے کام کر رہے ہیں، اور انتظامیہ کو سائرن اور اعلانات کے ذریعے شہریوں کو بروقت آگاہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے عوام سے حفاظتی اقدامات پر عمل کرنے اور اداروں کے ساتھ تعاون کی درخواست کی۔
ایم ڈی واسا نے ممکنہ ایمرجنسی میں پاک فوج کی مدد کے لیے 111 بریگیڈ سے رابطہ کر لیا ہے۔ چکری روڈ کے گاؤں لادیاں میں ایک خاندان بچوں سمیت چھت پر پھنس گیا تھا، جنہیں ہیلی کاپٹر کی مدد سے نکال لیا گیا۔
جہلم میں بھی مسلسل بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ہے، اور ضلعی انتظامیہ نے فوج سے مدد طلب کر لی ہے۔ محکمہ موسمیات نے راولپنڈی، اسلام آباد، اور آزاد کشمیر کی وادی نیلم سمیت دیگر علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے غیر ضروری سفر سے گریز اور خبردار رہنے کی اپیل کی ہے۔
Urdu News Nation