این ڈی ایم اے نے شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ملک بھر میں الرٹ جاری کر دی

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں شدید بارشوں کے امکان کے پیش نظر ایک قومی سطح کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اتھارٹی نے نشیبی علاقوں اور پانی کے گزرگاہوں کے قریب رہنے والے شہریوں کو ممکنہ سیلاب کے خطرے سے آگاہ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق، راولپنڈی اور اسلام آباد میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا امکان ہے، جس کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ نالہ لئی کے قریب رہنے والے افراد خطرے کے سائرن بجنے پر فوری انخلاء کے لیے تیار رہیں۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ متعلقہ اداروں سے تعاون کریں اور تمام حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ این ڈی ایم اے اور تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کر رہے ہیں۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں حالیہ بارشوں کے باعث ندی نالے پہلے ہی بھر چکے ہیں، اور مختلف علاقوں سے گاڑیاں پانی میں بہنے کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں رہنے والوں کو انخلا کی وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔

ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ لاہور، چکوال، اٹک، جہلم، خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ اور حافظ آباد میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں شہری سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کے خطرے سے خبردار رہیں۔

تمام متاثرہ علاقوں کے شہریوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بارش کے دوران گھروں میں رہیں اور مقامی انتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔ ریسکیو ٹیمیں الرٹ پر ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔

این ڈی ایم اے نے یقین دہانی کروائی ہے کہ صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ہوشیار رہیں، ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور امدادی اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

ایس ایس جی کمانڈر میجر عدنان اسلم شہادت کے رتبے پر فاٸز

إِنَّا اِلِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ بہادری کی اعلیٰ مثال قاٸم کرنے والے ایس ایس جی …