قصور: بچی سے نازیبا حرکات کرنے والا ملزم زخمی حالت میں گرفتار، اپنی ہی گولی سے زخمی ہوا

قصور میں کم عمر بچی سے نازیبا حرکات کرنے والے ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم ناصر وٹو اپنی ہی پستول سے گولی چلنے کے باعث زخمی ہوا۔

پولیس ترجمان کے مطابق تین روز قبل شاہ عنایت کالونی میں ایک کم سن بچی گلی میں کھیل رہی تھی، جس کے ساتھ ملزم نے نازیبا حرکات کیں۔ یہ واقعہ قریبی سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو گیا اور فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا۔

واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) قصور نے تھانہ اے ڈویژن کو فوری کارروائی کا حکم دیا۔ پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتاری سے قبل ناصر وٹو کی اپنی پستول سے گولی چل گئی جو اس کے جسم کے حساس حصے پر لگی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور وہ پولیس کی تحویل میں ہے۔

ڈی پی او قصور نے متاثرہ بچی کے گھر جا کر اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں یقین دلایا کہ انصاف فراہم کیا جائے گا۔ بچی کے والدین نے ملزم کی گرفتاری اور پولیس کی بروقت کارروائی پر اظہارِ تشکر کیا۔

واقعہ کے بعد شہریوں اور سماجی حلقوں کی جانب سے شدید مذمت کی جا رہی ہے۔ عوام کی طرف سے بچوں کے تحفظ کے لیے سخت قانون سازی اور عوامی مقامات پر سیکیورٹی بڑھانے کے مطالبات بھی سامنے آ رہے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ بچوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ملزم سے برآمد شدہ اسلحہ قبضے میں لے کر فارنزک جانچ کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کو صحت یاب ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا اور اس کے خلاف قانونی کارروائی جلد شروع کی جائے گی۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

ایس ایس جی کمانڈر میجر عدنان اسلم شہادت کے رتبے پر فاٸز

إِنَّا اِلِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ بہادری کی اعلیٰ مثال قاٸم کرنے والے ایس ایس جی …