روس کے علاقے کامچٹکا کے مشرقی ساحل کے قریب ایک شدید زلزلہ آیا ہے جس کی شدت 8.8 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کے فوراً بعد بحرالکاہل کے گرد واقع متعدد ممالک میں سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلے کا مرکز پیٹروپاولووسک-کامچٹسکی شہر کے مشرق میں تقریباً 136 کلومیٹر دور اور 19 کلومیٹر گہرائی میں واقع تھا۔ شدید جھٹکوں کے بعد خطے میں سونامی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
روسی حکام کے مطابق زلزلے کے بعد سیویرو-کورلیسک کے ساحلی علاقے میں 3 سے 4 میٹر بلند سونامی کی لہریں ٹکرائیں جس سے کئی عمارتیں متاثر ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی میڈیا کے مطابق ایک اسکول کی دیوار بھی گر گئی، تاہم اسکول خالی ہونے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
یہ زلزلہ 1952 کے بعد کامچٹکا کے علاقے میں آنے والا سب سے طاقتور زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ حکام نے عوام کو بلند مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ سیویرو-کورلیسک میں انخلا کا عمل جاری ہے جبکہ ہنگامی امدادی ٹیمیں الرٹ پر ہیں۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ ایک ماہ کے دوران مزید جھٹکے محسوس کیے جا سکتے ہیں جن کی شدت 7.5 تک ہو سکتی ہے۔
روس کے علاوہ جاپان اور فلپائن نے بھی سونامی کی ایمرجنسی وارننگ جاری کر دی ہے۔ امریکا کی ریاستوں کیلیفورنیا، اوریگن، واشنگٹن اور الاسکا کے ساحلی علاقوں میں بھی سونامی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، جبکہ کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں بھی وارننگ جاری ہے۔
متاثرہ ممالک میں حکام صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں، ساحلی علاقوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورت حال کے لیے تیار رہیں۔ حالات کی سنگینی کے پیشِ نظر بحری سرگرمیاں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔
Urdu News Nation