برطانیہ کا فلسطین کو مشروط تسلیم کرنے کا فیصلہ، امریکا اور اسرائیل کا شدید ردعمل

برطانیہ کی جانب سے فلسطین کو مشروط طور پر ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے فیصلے پر امریکا اور اسرائیل کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔

منگل کے روز برطانوی وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد اعلان کیا کہ اگر اسرائیل نے کچھ شرائط پوری نہ کیں تو برطانیہ ستمبر میں فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کر لے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر غزہ میں جنگ بندی نہ ہوئی، مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضہ ختم نہ ہوا اور دو ریاستی حل کی طرف پیش رفت نہ کی گئی، تو برطانیہ فلسطین کو باضابطہ ریاست تسلیم کرے گا۔

کیئر اسٹارمر نے کہا، “ہم غزہ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر سخت تشویش کا شکار ہیں، اگر اسرائیل نے مؤثر اقدامات نہ کیے تو ستمبر میں فلسطین کو تسلیم کر دیا جائے گا۔”

امریکی سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے اس سے لاتعلقی ظاہر کی۔ اسکاٹ لینڈ سے واپسی پر صحافیوں سے گفتگو میں ٹرمپ نے کہا، “برطانوی وزیراعظم سے اس بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی، امریکا اس فیصلے کا حصہ نہیں ہے۔” ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ اسرائیل سے رابطے میں ہیں تاکہ غزہ میں بچوں کے لیے خوراک کی ترسیل ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ اسرائیل یہ یقینی بنانا چاہتا ہے کہ امدادی سامان حماس کے ہاتھ نہ لگے۔

اسرائیلی وزارت خارجہ نے برطانوی فیصلے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے بیان دیا کہ برطانیہ کا مؤقف فرانس کے حالیہ اقدام اور اندرونی سیاسی دباؤ کا نتیجہ ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ دراصل حماس کے لیے انعام کے مترادف ہے اور غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچائے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران اس فیصلے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔

یہ سفارتی پیشرفتیں اسرائیل پر بڑھتے ہوئے عالمی دباؤ کی عکاسی کرتی ہیں، اور آئندہ مہینوں میں اس کے اہم سفارتی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

ایس ایس جی کمانڈر میجر عدنان اسلم شہادت کے رتبے پر فاٸز

إِنَّا اِلِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ بہادری کی اعلیٰ مثال قاٸم کرنے والے ایس ایس جی …