صدر ٹرمپ کی بھارت کو تجارتی معاہدہ نہ ہونے پر 25 فیصد ٹیکس کی دھمکی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر بھارت کے ساتھ تجارتی معاملات پر سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان جلد تجارتی معاہدہ طے نہ پایا تو بھارت کی مصنوعات پر 25 فیصد ٹیرف (ٹیکس) عائد کر دیا جائے گا۔

واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا، “بھارت امریکا کا اچھا دوست رہا ہے، لیکن وہ دنیا کے بیشتر ممالک سے زیادہ ٹیرف وصول کرتا ہے۔ اگر بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدہ نہ ہوا تو اسے 25 فیصد ٹیرف کا سامنا کرنا پڑے گا۔”

صدر ٹرمپ نے بھارت پر غیر منصفانہ تجارتی پالیسیوں کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بھارت غیر ملکی مصنوعات پر بے حد زیادہ ٹیرف عائد کرتا ہے، جو کہ امریکا کے ساتھ تجارت میں رکاوٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک دونوں ملک کسی حتمی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے اور وقت تیزی سے گزر رہا ہے۔

یاد رہے کہ اپریل 2025 میں صدر ٹرمپ نے بھارتی مصنوعات پر 26 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا تھا، لیکن اس پر عملدرآمد جولائی تک مؤخر کر دیا گیا تھا تاکہ مذاکرات کا موقع دیا جا سکے۔ تاہم، اب جب کہ کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، تو یہ خطرہ دوبارہ سر اٹھا رہا ہے۔

صدر ٹرمپ نے بھارت میں ٹیسلا کا مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی تجویز کو بھی روک دیا تھا، تاکہ امریکی کمپنیوں کو امریکا میں ہی پیداواری سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی ملازمتیں امریکا میں ہی رہنی چاہییں، نہ کہ بیرون ملک منتقل کی جائیں۔

اس کے علاوہ ٹرمپ نے ایپل کمپنی کو بھی خبردار کیا کہ اگر آئی فون امریکا میں تیار نہ کیے گئے تو کمپنی کو بھی 25 فیصد ٹیرف دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا، “ہم چاہتے ہیں کہ جو آئی فون امریکا میں فروخت ہوں وہ یہیں بنیں، بھارت یا کسی اور ملک میں نہیں۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو ایپل کو کم از کم 25 فیصد ٹیرف ادا کرنا ہوگا۔”

صدر ٹرمپ کے ان بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ ان کی حکومت ’امریکا فرسٹ‘ پالیسی کے تحت ملکی صنعت کو فروغ دینے اور غیر ملکی انحصار کم کرنے کی حکمت عملی پر کاربند ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ بھارت اور امریکا تجارتی معاہدے پر متفق ہو پاتے ہیں یا نہیں۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

ایس ایس جی کمانڈر میجر عدنان اسلم شہادت کے رتبے پر فاٸز

إِنَّا اِلِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ بہادری کی اعلیٰ مثال قاٸم کرنے والے ایس ایس جی …