محکمہ موسمیات کی پیر سے ملک بھر میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں آئندہ پیر، 4 اگست سے موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی جاری کردی ہے۔ اس بارش کے سلسلے کے دوران تیز ہوائیں، گرج چمک اور شدید بارش متوقع ہے، جس کے باعث بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 4 سے 7 اگست کے دوران آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔ خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی انہی تاریخوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے کئی علاقوں میں بھی 4 سے 7 اگست کے دوران شدید بارشیں ہوں گی۔ 6 اگست کو بلوچستان اور سندھ میں بھی موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ان بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون سیزن معمول سے طویل رہ سکتا ہے اور ستمبر کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ عام طور پر ملک کے جنوبی علاقوں میں مون سون 15 ستمبر تک ختم ہو جاتا ہے، لیکن اس سال موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث اس کے دورانیے میں توسیع متوقع ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مون سون کی ہوائیں اس وقت شمالی اور بالائی علاقوں پر زیادہ اثر انداز ہو رہی ہیں جبکہ جنوبی علاقوں میں ان کا اثر کم رہا ہے۔ تاہم 10 اگست کے بعد مون سون ہواؤں کا رخ جنوبی علاقوں کی جانب ہو جائے گا جس سے وہاں بھی شدید بارشیں متوقع ہیں۔

پنجاب میں مون سون کا نیا سلسلہ 5 اگست سے شروع ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے اور اگلے 24 گھنٹوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات اور ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال پر نظر رکھیں اور ممکنہ خطرات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر وہ علاقے جو پہلے سے ہی سیلاب یا لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات سے دوچار ہیں۔ متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

ایس ایس جی کمانڈر میجر عدنان اسلم شہادت کے رتبے پر فاٸز

إِنَّا اِلِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ بہادری کی اعلیٰ مثال قاٸم کرنے والے ایس ایس جی …