12 اگست 2025: سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مؤثر عسکری سفارتکاری کے نتیجے میں امریکا نے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور کالعدم مجید بریگیڈ کو دہشتگرد تنظیمیں قرار دیا، جو پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابی ہے۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورۂ امریکا نے پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر اجاگر کیا اور دہشتگردی کے حوالے سے پاکستان کے تحفظات کو نمایاں پذیرائی ملی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیشرفت بھارت کے ’’دہشتگرد چہرے‘‘ کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کا باعث بنی ہے۔
سکیورٹی حکام نے بتایا کہ امریکا کی جانب سے بھارت کے سرپرست گروہ ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کو بھی عالمی دہشتگرد تنظیم قرار دینا ایک اہم پیشرفت ہے، جس سے بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان کے مؤقف کی توثیق ہے اور اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ بھارت کے ’’دہشتگرد عزائم‘‘ نہ صرف خطے بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ہیں۔
ذرائع نے الزام عائد کیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ نے ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کے ساتھ براہِ راست روابط قائم رکھے۔ انہوں نے کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کو ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کا واضح ثبوت قرار دیا۔ مزید کہا گیا کہ بھارت نے ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کو پاکستان میں حملوں کے لیے مالی معاونت فراہم کی اور اس کے دہشتگردوں کا اپنے ملک میں علاج بھی کرایا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول نے بلوچستان میں اس گروہ سے تعلقات کا کھلے عام اعتراف کیا، جبکہ بھارتی میڈیا نے بھی ’’فتنہ الہندوستان‘‘ کی دہشتگردانہ کارروائیوں کو جواز فراہم کرنے کی کوشش کی۔
سکیورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکا کا حالیہ فیصلہ پاکستان کے لیے ایک سفارتی کامیابی اور بھارت کے عالمی بیانیے کے لیے ایک دھچکا ہے، جو بین الاقوامی سطح پر بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے مؤقف کو مزید تقویت دیتا ہے۔
Urdu News Nation