گل پلازہ آتشزدگی کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کرنے کی ایم کیو ایم پاکستان کی درخواست مسترد

کراچی: سندھ انفارمیشن کمیشن (SIC) نے گل پلازہ آتشزدگی سے متعلق عدالتی تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ عوام کے سامنے لانے کے لیے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں، اس لیے اس مرحلے پر رپورٹ جاری کرنا قانون کے مطابق مناسب نہیں۔

بدھ کے روز ہونے والی سماعت میں سندھ انفارمیشن کمیشن کے انفارمیشن کمشنرز محمد سلیم خان اور نور محمد ڈایو نے ایم کیو ایم پاکستان کے وکیل ایم طارق منصور اور دیگر فریقین کے دلائل سنے۔ بعد ازاں کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا کہ یہ معاملہ سندھ شفافیت اور حقِ معلومات ایکٹ 2016 کی متعلقہ شقوں کے تحت استثنٰی کے زمرے میں آتا ہے۔

کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا کہ چونکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، اس لیے کسی بھی مرحلے پر تحقیقاتی رپورٹ جاری کرنے سے تفتیشی عمل متاثر ہو سکتا ہے۔ فیصلے کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد تفتیشی افسر تمام ضروری دستاویزات، شواہد اور رپورٹ عدالت میں چالان کے ساتھ جمع کرائے گا، جس کے بعد متعلقہ ریکارڈ عدالتی کارروائی کے مطابق عوامی دستاویز بن جائے گا۔

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ اس وقت رپورٹ جاری کرنے سے خفیہ ذرائع کی شناخت ظاہر ہونے، تحقیقات میں رکاوٹ پیدا ہونے یا جرم کی روک تھام اور ملزمان کے خلاف کارروائی متاثر ہونے کا خدشہ موجود ہے، اسی لیے معلومات کی فراہمی مؤخر کی گئی ہے۔

سماعت کے دوران گل پلازہ آتشزدگی کیس کے نئے تحقیقاتی افسر ڈی ایس پی عامر ورک نے کمیشن کو بتایا کہ مقدمے کی تحقیقات ابھی جاری ہیں اور مختلف سرکاری اداروں سے ضروری ریکارڈ اور دستاویزات حاصل کی جا رہی ہیں۔

تاہم کمیشن نے اپنے فیصلے میں یہ بھی نشاندہی کی کہ موجودہ اور سابق دونوں تحقیقاتی افسران نے بتایا کہ انہیں گل پلازہ تحقیقاتی کمیشن یا کمشنر کی رپورٹ ابھی تک موصول نہیں ہوئی۔

کمیشن کے مطابق چار سرکاری اداروں میں سے تین نے بتایا کہ مطلوبہ ریکارڈ ان کے پاس موجود نہیں بلکہ سندھ کے چیف سیکریٹری کے دفتر کے پاس محفوظ ہے۔ چیف سیکریٹری کے دفتر نے بھی مؤقف اختیار کیا کہ معاملہ ابھی زیرِ عمل ہے، اس لیے سندھ شفافیت اور حقِ معلومات ایکٹ کے تحت رپورٹ اس وقت جاری نہیں کی جا سکتی۔

یاد رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے مئی میں سندھ شفافیت اور حقِ معلومات ایکٹ 2016 اور آئین کے آرٹیکل 19-اے کے تحت سندھ انفارمیشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ گل پلازہ آتشزدگی کی تحقیقاتی رپورٹ عوام کے حقِ معلومات، شفافیت اور احتساب کے لیے انتہائی اہم ہے، اس لیے اسے منظرِ عام پر لایا جانا چاہیے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ تحقیقاتی کمیشن کا مقصد واقعے کے ذمہ دار افراد کا تعین کرنا اور غفلت، بدانتظامی یا ممکنہ کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی راہ ہموار کرنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ کو عوامی سطح پر جاری کرنے سے شفافیت اور جوابدہی کو فروغ ملے گا اور مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

About Zaman Khan

Check Also

امریکا اور سعودی عرب کے درمیان سویلین جوہری معاہدہ، عدم پھیلاؤ کے سخت حفاظتی اقدامات شامل

امریکا نے سعودی عرب کے ساتھ سویلین جوہری تعاون کے ایک اہم معاہدے کا اعلان …