ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا حساب لیا جائے گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا عزم

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہر بے گناہ پاکستانی کے خون کا بدلہ ضرور لیا جائے گا، اور پاکستان کے استحکام کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا فوری اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں سیکیورٹی صورتحال اور جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر انہوں نے بنوں گیریژن واقعے کے شہداء کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی اور سی ایم ایچ بنوں میں زخمی اہلکاروں کی عیادت بھی کی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے سیکیورٹی فورسز کے غیر متزلزل عزم، حوصلے اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک متحد ہے اور یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی۔

شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر دہشت گردوں کے حملے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس افسوسناک واقعے میں 13 جوان شہید ہوئے، جب کہ جوابی کارروائی میں 14 دہشت گرد مارے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں دہشت گردی کے اصل چہروں کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جائے گا تاکہ عالمی برادری ان کے حقیقی عزائم کو پہچان سکے۔

فیلڈ مارشل نے خیبرپختونخوا پولیس سمیت دیگر سول قانون نافذ کرنے والے اداروں کی صلاحیت بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ اس حوالے سے فوری اور ترجیحی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے اس ضمن میں فوج کی مکمل حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

انہوں نے کہا، “یہ جنگ ہماری بقا کی جنگ ہے، اور دشمن یہ جان لے کہ ہر بے گناہ کے خون کا حساب لیا جائے گا۔”

فیلڈ مارشل کا یہ دوٹوک پیغام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک کو دہشت گردی کے نئے خطرات کا سامنا ہے، خاص طور پر سرحدی اور قبائلی علاقوں میں۔ ان کے بیان سے واضح ہوتا ہے کہ ریاست دہشت گردی کے خلاف مکمل عزم اور طاقت کے ساتھ کھڑی ہے۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

برازیل نے آکاش میزائل کا معاہدہ منسوخ کر دیا، یورپی نظام کو ترجیح

بھارت کو سفارتی اور دفاعی محاذ پر ایک بڑا دھچکا لگا ہے، کیونکہ برازیل نے …