تامل ناڈو میں ایک فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں بھارت کے مشہور اسٹنٹ مین ایس ایم راجو جان کی بازی ہار گئے۔ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب وہ نئی آنے والی تامل فلمویتووان کی شوٹنگ میں ایک خطرناک کار اسٹنٹ انجام دے رہے تھے۔ اس افسوسناک واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس نے فلم انڈسٹری میں سنسنی پھیلا دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایس ایم راجو تامل فلم انڈسٹری کے معروف اور تجربہ کار اسٹنٹ آرٹسٹ تھے، جنہوں نے کئی ہائی رسک فلموں میں کام کیا۔ وہ اپنی مہارت اور جرات مندانہ اسٹنٹس کی وجہ سے انڈسٹری میں بڑا نام رکھتے تھے۔
فلم ویتووان، جسے اداکار اور پروڈیوسر آریا بنا رہے ہیں، کی شوٹنگ کے دوران تیز رفتار کار کا ایک خطرناک منظر فلمایا جا رہا تھا۔ ایس ایم راجو اس اسٹنٹ میں شامل تھے جب ان کی گاڑی بے قابو ہو کر خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔ وائرل ویڈیو میں راجو کو گاڑی چلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جو اچانک ایک زور دار تصادم کا شکار ہو جاتی ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی حادثہ پیش آیا، فلمی عملہ چیختا ہوا جائے حادثہ کی طرف بھاگا۔ ٹیم کے ارکان نے فوری طور پر راجو کو تباہ حال گاڑی سے نکالنے کی کوشش کی، مگر تب تک وہ دم توڑ چکے تھے۔ ریسکیو ٹیم کو بھی فوراً طلب کیا گیا لیکن وہ موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے۔
اس دلخراش واقعے نے نہ صرف تامل فلم انڈسٹری بلکہ پورے بھارتی فلمی حلقوں کو غمزدہ کر دیا ہے۔ اداکاروں، ہدایتکاروں، اور مداحوں کی جانب سے ایس ایم راجو کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے، جنہیں ایک بہادر اور پرعزم فنکار کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے۔
حادثے کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ فلمی ماہرین اور کارکنان کی جانب سے فلم سیٹس پر حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے۔
فلم ویتووان کی ٹیم کی جانب سے تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا، جبکہ سوشل میڈیا پر مداح اس باصلاحیت اسٹنٹ مین کو خراجِ تحسین پیش کر رہے ہیں، جو فلمی دنیا میں ایک ناقابلِ فراموش خلا چھوڑ گیا
Urdu News Nation