پہلگام واقعے پر بھارت کو برکس اجلاس میں سفارتی محاذ پر ناکامی کا سامنا

برازیل میں ہونے والے برکس اجلاس میں بھارت کو اس وقت سفارتی سطح پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا جب اس کی جانب سے پہلگام واقعے کو پاکستان سے جوڑنے کی کوششیں ناکام ہو گئیں۔ برکس کا مشترکہ اعلامیہ واقعے کی مذمت پر تو مشتمل تھا لیکن اس میں پاکستان کا نام شامل نہیں کیا گیا، حالانکہ بھارت نے اس مقصد کے لیے بھرپور کوشش کی تھی۔

سفارتی ذرائع کے مطابق بھارت نے پس پردہ رابطوں کے ذریعے بھرپور کوشش کی کہ اعلامیے میں پاکستان کا نام لے کر اسے حملے کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے، لیکن چین اور روس سمیت دیگر رکن ممالک نے اس کی مخالفت کی۔ اس کے نتیجے میں اعلامیہ میں صرف عمومی سطح پر واقعے کی مذمت کی گئی، بغیر کسی ملک کا نام لیے۔

ذرائع کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ کی برکس اجلاس میں غیر موجودگی بھی خاصی اہمیت کی حامل رہی۔ یہ پہلا موقع تھا کہ 2012 کے بعد کسی برکس اجلاس میں چینی صدر شریک نہ ہوئے۔ ماہرین کے مطابق صدر شی کی عدم شرکت ایک سوچا سمجھا پیغام تھا کہ چین بھارت کے بیانیے کی حمایت نہیں کرتا۔ اگرچہ چین کی جانب سے اس غیر حاضری کی باضابطہ وجہ بیان نہیں کی گئی، تاہم سفارتی مبصرین اسے بھارت کے موقف سے لاتعلقی کا اشارہ سمجھتے ہیں۔

علاوہ ازیں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی اجلاس میں براہ راست شرکت کے بجائے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چین اور روس کی یہ محتاط حکمت عملی اس بات کا اشارہ ہے کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی میں فریق بننے سے گریز کر رہے ہیں۔

برکس اعلامیہ کی غیر جانبدار زبان سے واضح ہوتا ہے کہ رکن ممالک اس پلیٹ فارم کو علاقائی تنازعات کے بجائے عالمی اقتصادی تعاون کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ بھارت کی تمام تر کوششوں کے باوجود اس کی سفارتی حیثیت کو اس وقت دھچکا لگا جب دیگر ممالک نے پاکستان کا نام شامل کرنے سے انکار کر دیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ برکس کے حالیہ اجلاس نے ثابت کیا ہے کہ یہ پلیٹ فارم باہمی تعاون کے لیے قائم کیا گیا ہے نہ کہ کسی ملک کے خلاف محاذ آرائی کے لیے۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

ایس ایس جی کمانڈر میجر عدنان اسلم شہادت کے رتبے پر فاٸز

إِنَّا اِلِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ بہادری کی اعلیٰ مثال قاٸم کرنے والے ایس ایس جی …