پاکستان اور امریکا کے درمیان دوطرفہ تجارتی حجم میں 16 فیصد اضافہ

پاکستان اور امریکا کے درمیان گزشتہ مالی سال میں دوطرفہ تجارتی حجم میں 16 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ یہ اعداد و شمار پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس (پی بی ایس) کی جاری کردہ رپورٹ میں سامنے آئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2024-25 میں دونوں ممالک کے درمیان مجموعی تجارتی حجم 7 ارب 59 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا۔ پاکستان کی امریکا کو برآمدات 5 ارب 83 کروڑ ڈالر رہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہیں، جبکہ امریکا کی پاکستان کو برآمدات کا حجم 1 ارب 76 کروڑ 30 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

تجارتی توازن پاکستان کے حق میں رہا، اور سرپلس 4 ارب ڈالر سے زائد رہا۔ امریکا کی جانب سے پاکستان سے درآمد کی جانے والی اہم اشیا میں ٹیکسٹائل مصنوعات نمایاں رہیں، جن میں بستر، میز، ٹوائلٹ اور کچن کی چادریں 1.038 ارب ڈالر، مردانہ سوٹ، جیکٹ اور پینٹ 93 کروڑ 60 لاکھ ڈالر، ٹی شرٹس 36 کروڑ 10 لاکھ ڈالر اور جرسیاں و پل اوورز 31 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مالیت کی برآمد کی گئیں۔ اس کے علاوہ 16 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی چمڑے کی مصنوعات اور 15 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی خواتین کے ملبوسات بھی برآمد کیے گئے۔

دوسری جانب، پاکستان نے امریکا سے جو اہم اشیا درآمد کیں، ان میں 39 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی روئی، 16 کروڑ ڈالر کا لوہا اور اسٹیل اسکریپ، 13 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی سویابین اور 5 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا کوئلہ شامل ہیں۔ دیگر درآمدات میں 4 کروڑ ڈالر کی کمپیوٹر مشینیں، 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات، 3 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کے الیکٹرو میڈیکل آلات اور 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کے خشک میوہ جات شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں امریکا سے پاکستان کی درآمدات میں 40 فیصد اضافہ ہوا۔ ماہرین کے مطابق ٹیکسٹائل، چمڑے اور ملبوسات کی برآمدات میں اضافہ، امریکا کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث، پاکستان کے لیے تجارتی سرپلس برقرار رکھنے میں مددگار رہا ہے، اگرچہ درآمدی بل میں اضافہ ہوا ہے۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

ایس ایس جی کمانڈر میجر عدنان اسلم شہادت کے رتبے پر فاٸز

إِنَّا اِلِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ بہادری کی اعلیٰ مثال قاٸم کرنے والے ایس ایس جی …