پنجاب میں مون سون بارشوں کا ایک اور طاقتور اسپیل 28 جولائی سے شروع ہونے والا ہے جس کے باعث مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، جبکہ کمزور اور کچے مکانات کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ یہ انتباہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے جاری کیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق، یہ نیا اسپیل 28 سے 31 جولائی تک جاری رہے گا اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔ مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد اور اوکاڑہ بھی بارش کی لپیٹ میں آ سکتے ہیں۔ 29 سے 31 جولائی کے دوران ڈیرہ غازی خان، بھکر، بہاولپور، پاکپتن، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ اور راجن پور میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل بارشوں کے نتیجے میں مری اور گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ ان علاقوں میں رہنے والے افراد اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مقامی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور بروقت کارروائی کے لیے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ادارے نے مزید کہا کہ کچے اور مخدوش مکانات ان بارشوں کے باعث متاثر ہو سکتے ہیں، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محکمہ موسمیات کی تازہ ترین معلومات پر عمل کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ مون سون اسپیل کے دوران پنجاب میں 252 افراد مختلف حادثات میں جاں بحق ہو گئے تھے، جب کہ بڑی تعداد میں گھروں، سڑکوں اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا تھا۔
ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی کی جا سکے۔ پی ڈی ایم اے نے عوام سے تعاون کی اپیل کی ہے تاکہ نقصانات کو کم سے کم رکھا جا سکے۔
Urdu News Nation