**Bomb Blast in Bajaur: Assistant Commissioner, Tehsildar Among 5 Martyred, 10 Injured**
**Bomb Blast in Bajaur: Assistant Commissioner, Tehsildar Among 5 Martyred, 10 Injured**

باجوڑ میں بم دھماکا: اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار سمیت 5 افراد شہید، 10 زخمی

باجوڑ کے علاقے پھاٹک میلہ میں ایک زور دار بم دھماکے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی اور تحصیلدار سمیت 5 افراد شہید ہوگئے، جبکہ 10 افراد، جن میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، زخمی ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کے مطابق یہ دھماکا اُس وقت ہوا جب اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی فیصل اسماعیل سرکاری گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔ شرپسند عناصر نے ان کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا۔

دھماکے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر فیصل اسماعیل، تحصیلدار ناواگئی عبد الوکیل، پولیس اہلکار نور حکیم، پولیس اہلکار زاہد اور ایک راہگیر موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ دھماکے میں 4 پولیس اہلکاروں سمیت 10 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور فرانزک ٹیموں نے جائے وقوعہ پر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا۔ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور اضافی فورسز کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

شہداء کی نمازِ جنازہ پولیس لائن باجوڑ میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی، جس میں اعلیٰ انتظامی افسران، پولیس حکام، سیاسی رہنما، علاقائی مشران، علما کرام، شہداء کے لواحقین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فضا سوگوار رہی اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔

وزیرِ اعظم پاکستان نے اس افسوسناک واقعے کی شدید مذمت کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی تحصیل خار میں سرکاری گاڑی کو نشانہ بنائے جانے کے واقعے کی مذمت کی اور شہید افسران کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کے دہشت گرد عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں پاکستانی عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔

واقعے کے بعد عوام اور سیاسی و سماجی حلقوں نے بھی شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور قبائلی علاقوں میں سیکیورٹی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

برازیل نے آکاش میزائل کا معاہدہ منسوخ کر دیا، یورپی نظام کو ترجیح

بھارت کو سفارتی اور دفاعی محاذ پر ایک بڑا دھچکا لگا ہے، کیونکہ برازیل نے …