خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں سیلابی ریلوں اور کلاؤڈ برسٹ سے تباہی، 110 سے زائد افراد جاں بحق

خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں شدید بارشوں، کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں 110 سے زائد افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ خیبر پختونخوا کے چار اضلاع — بونیر، باجوڑ، مانسہرہ اور بٹگرام — کو آفت زدہ قرار دے دیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے علاقے جبرائی میں گزشتہ رات آنے والے شدید سیلابی ریلے نے متعدد گھر، سڑکیں اور پل بہا دیے۔ اب تک 21 لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ 7 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ تین زخمیوں کو طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ضلع مانسہرہ کے بٹگرام علاقے میں رات گئے کلاؤڈ برسٹ اور سیلابی ریلوں سے 7 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ ضلع شانگلہ میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ پولیس کے مطابق کئی مکانات تباہ اور مویشی بھی بہہ گئے ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 110 سے تجاوز کر گئی ہے، جن میں سب سے زیادہ نقصان بونیر میں ہوا۔ بونیر کے 12 سے زائد دیہات شدید متاثر ہوئے اور 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ متاثرہ اضلاع میں ریسکیو ٹیمیں بڑھا دی گئی ہیں، طبی عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، اور صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہا ہے۔

پیر بابا اسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر امتیاز کے مطابق اب تک 43 لاشیں لائی جا چکی ہیں، جن میں 25 خواتین اور 18 بچے شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر بونیر نے بتایا کہ طوفانی بارشوں اور آبی ریلوں سے 75 اموات ہو چکی ہیں اور 56 لاشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔ کئی لوگ لاپتہ ہیں، جبکہ زمینی رابطہ منقطع ہونے سے ریسکیو ٹیموں کو دشواری پیش آ رہی ہے۔

آزاد کشمیر میں بھی کلاؤڈ برسٹ کے بعد ندی نالوں میں طغیانی سے 8 افراد جاں بحق ہوئے، جن میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد شامل ہیں۔ شدید بارشوں کے باعث حکومت نے تعلیمی ادارے دو دن کے لیے بند کر دیے ہیں۔

گلگت بلتستان میں بارشوں اور مختلف حادثات کے نتیجے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

حکام نے نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، کیونکہ آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

ایس ایس جی کمانڈر میجر عدنان اسلم شہادت کے رتبے پر فاٸز

إِنَّا اِلِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ بہادری کی اعلیٰ مثال قاٸم کرنے والے ایس ایس جی …