اسرائیلی فورسز نے غزہ کے علاقے رفح میں اقوام متحدہ کے نامزد کردہ محفوظ علاقے پر فضائی حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں 75 سے زائد فلسطینی جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
فضائی حملوں میں ایک پناہ گزین کیمپ کو نشانہ بنایا گیا جہاں شمالی غزہ سے بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کی ایک بڑی تعداد رہائش پذیر تھی۔ زیادہ تر ہلاکتیں، جن میں بہت سی خواتین اور بچے شامل تھے، بمباری سے لگنے والی آگ کی وجہ سے ہوئے۔ یہ کیمپ غزہ کے دوسرے حصوں سے تشدد سے بھاگنے والوں کے لیے پناہ گاہ بنا ہوا تھا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شدید جھلسنے کے باعث کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ حملہ دسویں مرتبہ ہے جس میں اسرائیل نے غزہ میں اقوام متحدہ کے کیمپوں کو نشانہ بنایا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 230 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ جبالیہ، نصیرات اور غزہ سٹی میں کیمپوں پر پچھلے حملوں کے نتیجے میں 160 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
جوابی کارروائی میں حماس نے تل ابیب پر راکٹ حملے کیے جس کی وجہ سے پروازیں معطل ہوگئیں۔
فلسطینی حکام نے بتایا کہ رفح میں 900 کلو گرام سے زیادہ وزنی بم استعمال کیے گئے۔ انہوں نے مصر سے زخمیوں کو نکالنے کے لیے ایمبولینس بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطینی اتھارٹی نے اقوام متحدہ کے کیمپ پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) کے فیصلے کو کھلا چیلنج قرار دیا ہے۔ دو دن قبل آئی سی جے نے رفح میں فوجی آپریشن پر پابندی کا حکم جاری کیا تھا۔
آئی سی جے کے فیصلے کے باوجود، اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ اس کے فضائی حملوں نے رفح میں حماس کے ایک کمپاؤنڈ کو نشانہ بنایا، جہاں حماس کے اہم ارکان مبینہ طور پر موجود تھے۔
اس واقعے پر عالمی برادری نے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ امریکی کانگریس کے ایک رکن نے اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے رفح میں فوجی آپریشن فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسرائیلی قانون ساز ایڈا توما سلیمان نے بھی اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی حکومت بین الاقوامی احکامات کی خلاف ورزی کر رہی ہے اور اپنی انتقامی کارروائیوں کو نئی اور خطرناک سطح تک بڑھا رہی ہے۔
فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (UNRWA) نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے کیمپ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک عام ریاست کی طرح برتاؤ نہیں کر رہا ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا کہ اسرائیل نے UNRWA کے متعدد اسکولوں، صحت کے مراکز اور پناہ گاہوں پر بمباری کی ہے، جس کے نتیجے میں اقوام متحدہ کے عملے کے 193 ارکان ہلاک ہوئے ہیں۔
تشدد کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد غزہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں مرنے والوں کی تعداد اب 36000 فلسطینیوں تک پہنچ گئی ہے۔ جاری تنازعہ میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آتے، دونوں فریقین جارحانہ کارروائیوں میں مشغول رہتے ہیں جو خطے میں انسانی بحران کو بڑھاتے ہیں۔
Feedback