میئر لندن صادق خان کا مطالبہ: برطانیہ فوری طور پر فلسطین کو ریاست تسلیم کرے

میئر لندن صادق خان نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرے، کیونکہ غزہ میں انسانی بحران دن بہ دن شدت اختیار کرتا جا رہا ہے اور تاخیر مزید تباہی کو جنم دے سکتی ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں صادق خان نے برطانوی حکومت کی مسلسل خاموشی پر تنقید کی اور فلسطینی عوام کی حمایت میں فوری اور مؤثر اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب فلسطینی ریاست کا وجود ہی خطرے میں ہو تو دو ریاستی حل کا تصور بے معنی ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا، ’’جب فلسطین جیسی کوئی ریاست باقی نہ رہے تو دو ریاستی حل کیسے ممکن ہو سکتا ہے؟ غزہ سے آنے والے دل دہلا دینے والے مناظر ہر گزرتے دن کے ساتھ بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔ بھوک سے نڈھال بچے ملبے میں خوراک تلاش کر رہے ہیں، جب کہ امداد کے منتظر خاندانوں کو اسرائیلی فوج نشانہ بنا رہی ہے۔‘‘

میئر لندن نے غزہ کی موجودہ صورتحال کو نہ صرف سیاسی بلکہ اخلاقی ناکامی قرار دیا اور خبردار کیا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو مزید بے گناہ جانیں ضائع ہوں گی۔

صادق خان نے اسرائیلی کارروائیوں کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری خصوصاً برطانوی حکومت کو اب محض تشویش کا اظہار کرنے سے آگے بڑھ کر ٹھوس سفارتی اقدامات کرنے ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا، ’’اب صرف بیانات کافی نہیں۔ برطانوی حکومت اور عالمی قوتوں کو اسرائیل پر دباؤ بڑھانا ہوگا تاکہ انسانی بحران کو روکا جا سکے۔ اس کا آغاز فلسطین کو ایک ریاست تسلیم کرنے سے ہونا چاہیے۔‘‘

صادق خان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں غزہ کی صورتحال پر شدید تشویش پائی جا رہی ہے، اور انسانی حقوق کی تنظیمیں وہاں قحط جیسی صورتحال اور بنیادی سہولیات کی مکمل تباہی پر خبردار کر رہی ہیں۔

اپنے بیان کے اختتام پر صادق خان نے فلسطین کو فوری طور پر تسلیم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام مشرق وسطیٰ میں انصاف، امید اور دیرپا امن کی طرف پہلا قدم ہو گا۔

ان کا مطالبہ برطانیہ اور دنیا بھر میں پالیسی میں توازن اور انسانیت پر مبنی نقطہ نظر اپنانے کی بڑھتی ہوئی آوازوں کی عکاسی کرتا ہے۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

ایس ایس جی کمانڈر میجر عدنان اسلم شہادت کے رتبے پر فاٸز

إِنَّا اِلِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ بہادری کی اعلیٰ مثال قاٸم کرنے والے ایس ایس جی …