لیاری میں عمارت گرنے کا واقعہ: ریسکیو آپریشن تیسرے روز بھی جاری، جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی

کراچی کے علاقے لیاری میں گرنے والی رہائشی عمارت کا ریسکیو آپریشن تیسرے روز میں داخل ہو گیا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد 27 تک پہنچ گئی ہے۔ “گدا پیلس” کے نام سے جانی جانے والی یہ عمارت لیاری کے بغدادی علاقے میں واقع تھی، جو تین روز قبل زمین بوس ہوگئی، اور کئی افراد کو ملبے تلے دفن کر دیا۔

ریسکیو 1122 کے حکام کے مطابق اب تک 95 فیصد ملبہ ہٹایا جا چکا ہے، جبکہ ملبے سے 27 لاشیں نکالی جا چکی ہیں جن میں 15 مرد، 9 خواتین اور 3 بچے شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابھی مزید 3 افراد ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ دورانِ آپریشن ملبے سے دو بار بھاری رقوم بھی برآمد ہوئیں، جنہیں متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا۔

ریسکیو عملہ انتہائی احتیاط سے کام کر رہا ہے تاکہ اگر کوئی زندہ ہو تو اسے بحفاظت نکالا جا سکے۔ اس لیے بھاری مشینری کا استعمال محدود رکھا گیا ہے۔

تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ عمارت کی تیسری منزل کو گرانے کے بجائے اس پر غیر قانونی طور پر مزید دو منزلیں تعمیر کی گئیں، جس سے عمارت کی بنیاد کمزور ہوئی اور حادثہ پیش آیا۔ یہ عمل واضح سرکاری غفلت کو ظاہر کرتا ہے۔

واقعے میں جاں بحق ہونے والوں میں ہندو مہیشوری برادری کے 20 افراد بھی شامل تھے، جن کی لاشوں کو موسیٰ لین ایدھی سرد خانے میں رکھا گیا، جہاں آخری رسومات کے بعد انہیں بلدیہ کے مچھ گوٹھ میں واقع مہیشوری قبرستان میں دفن کر دیا گیا۔

عمارت کے گرنے سے اردگرد کی دیگر عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا، جس کے بعد ان عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ عمارت کے نیچے پارک کی گئی تقریباً 50 رکشے بھی ملبے تلے دب گئے۔

ادھر لیاری کے آگرہ تاج علاقے میں واقع ایک اور آٹھ منزلہ عمارت میں دراڑیں پڑنے کے بعد اسے خطرناک قرار دے کر خالی کرا لیا گیا، بجلی کا کنکشن کاٹ دیا گیا اور پانی کی ٹینکی بھی توڑ دی گئی۔ متاثرہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے متبادل رہائش کا مطالبہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر ساوتھ کراچی نے بتایا کہ متاثرہ افراد کو قریبی اسکول میں عارضی رہائش کی پیشکش کی گئی ہے۔

ادھر کلری تھانے میں عمارت کے بلڈر اور ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، ایف آئی آر سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی مدعیت میں درج کی گئی، جس میں بتایا گیا کہ یہ عمارت صرف دو سال قبل تعمیر کی گئی تھی۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

برازیل نے آکاش میزائل کا معاہدہ منسوخ کر دیا، یورپی نظام کو ترجیح

بھارت کو سفارتی اور دفاعی محاذ پر ایک بڑا دھچکا لگا ہے، کیونکہ برازیل نے …