15 سے زائد سرکاری اداروں کا مجموعی نقصان 59 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا، وزارت خزانہ کی رپورٹ جاری

پاکستان کے سرکاری اداروں کی مالی حالت تشویشناک سطح تک خراب ہو چکی ہے، وزارت خزانہ کی نئی رپورٹ کے مطابق 15 سے زائد سرکاری اداروں کو ہونے والے مجموعی نقصانات 59 کھرب روپے سے تجاوز کر گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق صرف گزشتہ مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں ان اداروں کا خسارہ 3.45 کھرب روپے بڑھ گیا۔ اس کے ساتھ پنشن کی مد میں واجبات بھی 17 کھرب روپے تک پہنچ چکے ہیں، جو قومی خزانے پر ایک بڑا بوجھ بن چکے ہیں۔

سب سے زیادہ نقصان نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کو ہوا، جس کا مجموعی خسارہ 1953 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔ دوسرے نمبر پر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) ہے جسے 770.6 ارب روپے کا نقصان ہوا، جبکہ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) کا خسارہ 684.9 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔

رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ صرف جون سے دسمبر 2024 کے درمیان NHA نے 153.27 ارب روپے کا نقصان کیا۔ اسی عرصے میں کیسکو کا نقصان 58.1 ارب روپے اور سیپکو کا نقصان 29.6 ارب روپے رہا، جبکہ سیپکو کا مجموعی خسارہ 472.99 ارب روپے تک پہنچ گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق ان اداروں کا گردشی قرضہ 49 کھرب روپے تک پہنچ چکا ہے، جس میں سے 24 کھرب روپے صرف بجلی کے شعبے کے ہیں۔

دیگر خسارے میں چلنے والے بڑے اداروں میں پاکستان اسٹیل ملز شامل ہے، جسے چھ ماہ میں 15.6 ارب روپے کا نقصان ہوا، جبکہ مجموعی خسارہ 255.82 ارب روپے تک پہنچ چکا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی (PTCL) کو چھ ماہ میں 7.19 ارب روپے کا نقصان ہوا اور اس کا مجموعی خسارہ 43.57 ارب روپے ہو چکا ہے۔

اسی طرح پاکستان ایگریکلچر اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) کا چھ ماہ کا نقصان 7 ارب روپے اور مجموعی نقصان 11.13 ارب روپے رہا۔

یہ رپورٹ ایک ایسے وقت میں جاری ہوئی ہے جب آئی ایم ایف حکومت پاکستان پر زور دے رہا ہے کہ وہ سرکاری اداروں کے مالی بوجھ کو کم کرے اور قومی آمدنی میں اضافہ کرے۔ رپورٹ میں ادارہ جاتی اصلاحات اور بہتر گورننس کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

ایس ایس جی کمانڈر میجر عدنان اسلم شہادت کے رتبے پر فاٸز

إِنَّا اِلِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ بہادری کی اعلیٰ مثال قاٸم کرنے والے ایس ایس جی …