اسلام آباد کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں شدید بارش کے دوران ایک ریٹائرڈ فوجی افسر اور ان کی بیٹی کار سمیت برساتی نالے میں بہہ گئے۔ افسوسناک واقعہ سوسائٹی کے فیز 5 میں پیش آیا جہاں ان کی گاڑی تیز پانی کے بہاؤ کی زد میں آ کر نالے میں جا گری۔
ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ شخص کی شناخت ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی کے طور پر ہوئی ہے جو اپنی 25 سالہ بیٹی کے ہمراہ کار میں سوار تھے۔ دونوں نے بارش کے باعث پانی سے بھرے راستے کو عبور کرنے کی کوشش کی لیکن گاڑی پانی میں بند ہو گئی۔ کرنل اسحاق جیسے ہی گاڑی اسٹارٹ کرنے کی کوشش کر رہے تھے، پانی کا بہاؤ اچانک تیز ہو گیا اور گاڑی کو بہا لے گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق باپ بیٹی مدد کے لیے آوازیں دیتے رہے لیکن پانی کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ فوری مدد ممکن نہ ہو سکی۔ یہ واقعہ شہریوں میں شدید غم و غصہ اور خوف کا باعث بن گیا ہے اور شہری سیلاب کی بڑھتی ہوئی تباہ کاریوں پر فکر مند ہیں۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس، ریسکیو 1122، غوطہ خور ٹیموں اور ہاؤسنگ سوسائٹی کے عملے نے مشترکہ سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ آخری اطلاعات تک دونوں افراد کی تلاش جاری ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پنجاب بھر میں مون سون کی بارشوں کا سلسلہ شدت اختیار کر چکا ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت کئی علاقوں میں شدید بارش کے باعث نالے ابل پڑے ہیں، درخت گرنے اور گھروں میں پانی داخل ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔
ادھر بابوسر ٹاپ پر بھی شدید فلیش فلڈ نے تباہی مچا دی ہے۔ رابطہ سڑکیں، مواصلاتی نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں اور علاقے سے تمام رابطے منقطع ہو گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق سیاحوں کی تلاش جاری ہے جبکہ ابتدائی رپورٹوں کے مطابق علاقے میں سب کچھ پانی کی نذر ہو چکا ہے۔
حکام نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ریسکیو ادارے الرٹ پر ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔
Urdu News Nation