مصطفیٰ عامر قتل کیس: ارمغان کا اعترافِ جرم، عدالت نے چالان منظور کر لیا

مصطفیٰ عامر کے ہائی پروفائل قتل کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پولیس کا چالان منظور کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مرکزی ملزم ارمغان نے مصطفیٰ کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ چالان کے مطابق، ارمغان نے مصطفیٰ کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گاڑی کے ڈگی میں بند کیا اور حب لے جا کر زندہ جلا دیا۔

یہ افسوسناک واقعہ کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں پیش آیا۔ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کیس کو باقاعدہ سماعت کے لیے ٹرائل کورٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔ منظور شدہ چالان میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ ارمغان کے ساتھ شریکِ ملزم شیراز بھی اس منصوبہ بندی میں شامل تھا، اور دونوں اس وقت پولیس کی حراست میں ہیں۔

یہ کیس اُس وقت شروع ہوا جب 6 جنوری کو مصطفیٰ عامر کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ درج کروائی گئی۔ ان کی والدہ کی مدعیت میں اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا۔ ایک ماہ بعد 8 فروری کو پولیس نے ڈیفنس کے علاقے خیابانِ مومن میں ایک بنگلے پر چھاپہ مارا تاکہ مصطفیٰ کو بازیاب کرایا جا سکے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک ڈی ایس پی سمیت تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔

چھاپے کے دوران ارمغان کو گرفتار کر لیا گیا، جس نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ اُس نے شیراز کے ساتھ مل کر مصطفیٰ کو اغوا کیا، گاڑی کی ڈگی میں بند کیا، اور حب لے جا کر گاڑی سمیت آگ لگا دی۔

تحقیقات کے دوران پولیس کو ارمغان کے لیپ ٹاپ سے بین الاقوامی فراڈ نیٹ ورک سے متعلق شواہد بھی ملے ہیں۔ اس حوالے سے حکومت کی مدعیت میں حوالہ ہنڈی کے تحت ایک اور مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔

مزید برآں، ایک ویڈیو بھی حاصل ہوئی ہے جس میں دونوں ملزمان کو حب سے کراچی واپس آتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جو ارمغان کے بیان کی تصدیق کرتی ہے۔

اس اندوہناک کیس نے عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پیدا کیا ہے، جبکہ پولیس حکام کیس کی مزید پرتیں کھولنے کے لیے تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عدالت میں جلد مقدمے کی باقاعدہ سماعت شروع ہونے کی توقع ہے، جس میں مزید حقائق سامنے آئیں گے۔ مصطفیٰ عامر کے اہلِ خانہ اب انصاف کے منتظر ہیں۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

ایس ایس جی کمانڈر میجر عدنان اسلم شہادت کے رتبے پر فاٸز

إِنَّا اِلِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ بہادری کی اعلیٰ مثال قاٸم کرنے والے ایس ایس جی …