پاک فوج کا ریسکیو مشن، چکری روڈ پر سیلاب میں پھنسے خاندان کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بچا لیا گیا

پاک فوج نے راولپنڈی کے قریب چکری روڈ پر سیلاب میں پھنسے ایک خاندان کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بحفاظت نکال لیا، حالانکہ موسم انتہائی خراب تھا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق متاثرہ خاندان نے چکری روڈ کے گاؤں لڈیان میں اپنے گھر کی چھت پر پناہ لے رکھی تھی، کیونکہ سیلابی پانی نے گھر کو چاروں طرف سے گھیر لیا تھا اور زمینی راستے سے نکالنا ممکن نہیں تھا۔

پاک فوج نے ہنگامی صورتحال کے پیشِ نظر ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایک تیز اور خطرناک ریسکیو آپریشن کیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیو میں اس مشن کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں، جو خراب موسم کے باوجود کامیابی سے مکمل کیا گیا۔ ریسکیو مشن کے دوران خاندان کے تمام افراد بحفاظت نکال لیے گئے۔

دوسری جانب، راولپنڈی اور اسلام آباد میں گزشتہ رات سے مسلسل موسلادھار بارش کے باعث 230 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد نشیبی علاقوں میں ایمرجنسی وارننگ سسٹم کے تحت خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔

بارش کے باعث کئی گلیاں، سڑکیں اور رہائشی علاقے زیرِ آب آ چکے ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے اور شہریوں کے لیے مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔

ریسکیو ٹیمیں اور مقامی انتظامیہ الرٹ پر ہیں، جبکہ آئندہ چند گھنٹوں میں مزید بارش کی صورت میں فلیش فلڈ (اچانک سیلاب) کا خطرہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور نشیبی علاقوں سے دور رہیں، جبکہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

ایس ایس جی کمانڈر میجر عدنان اسلم شہادت کے رتبے پر فاٸز

إِنَّا اِلِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ بہادری کی اعلیٰ مثال قاٸم کرنے والے ایس ایس جی …