نوجوانوں میں تیزی سے بڑھتے کینسر کی 5 خاموش علامات

آنتوں کا کینسر دنیا میں تیسری سب سے عام قسم کا کینسر ہے، اور حالیہ برسوں میں اس کی شرح تیزی سے بڑھ رہی ہے، خاص طور پر نوجوانوں میں۔ دسمبر 2024 میں *دی لانسیٹ آنکولوجی* میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا کہ یورپ، شمالی افریقہ، ایشیا اور اوشیانا سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں نوجوانوں میں آنتوں کے کینسر کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔

اگرچہ ماہرین ابھی تک اس بات کو مکمل طور پر نہیں سمجھ سکے کہ یہ مرض اتنی تیزی سے کیوں پھیل رہا ہے، لیکن ان کا ماننا ہے کہ فاسٹ فوڈ کا زیادہ استعمال، طویل وقت بیٹھ کر گزارنا، اور موٹاپا اس کی ممکنہ بڑی وجوہات ہو سکتی ہیں۔ ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ یہ رجحان دنیا کے تمام خطوں میں نظر آ رہا ہے اور کسی ایک علاقے تک محدود نہیں۔

اگرچہ آنت یا قولون سے خون آنا اس کینسر کی عام اور نمایاں علامت ہے، لیکن اس کی کچھ اور خاموش علامات بھی ہیں جنہیں اکثر نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔ ان میں شامل ہیں:

1. خون کی کمی (انیمیا)
ہر انیمیا کا مطلب یہ نہیں کہ آنتوں یا قولون کا کینسر ہے، مگر اس بیماری کے شکار اکثر مریض خون کی کمی کا شکار بھی ہوتے ہیں کیونکہ جسم کے اندر خون بہہ رہا ہوتا ہے جو کبھی کبھی فضلے میں بھی نظر آتا ہے۔

2. سانس لینے میں دشواری
اندرونی خون بہنے کی وجہ سے سانس لینے میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ اس دوران جسم خون میں پلازما کی مقدار بڑھا دیتا ہے، جس سے خون کے سرخ خلیات اور آکسیجن لے جانے کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے، نتیجتاً ہلکی سی محنت پر بھی سانس پھول سکتا ہے۔ یہ علامت صرف کینسر تک محدود نہیں، لیکن اس بیماری میں عام پائی جاتی ہے۔

3. پیٹ میں گیس یا مروڑ
آنتوں میں رکاوٹ کے باعث پیٹ میں مسلسل پھولنا ہو سکتا ہے۔ اگر اس کے ساتھ پیٹ میں مروڑ یا دائیں جانب مسلسل درد ہو تو یہ بھی کینسر کی علامت ہو سکتی ہے اور ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔

4. شدید اور مستقل قبض
کبھی کبھار قبض ہونا عام بات ہے، مگر اگر یہ شدت اختیار کر لے اور طویل عرصے تک برقرار رہے تو یہ آنتوں یا قولون کینسر کا اشارہ ہو سکتا ہے۔

5. فضلے کی رنگت یا شکل میں تبدیلی
اگر فضلے کا رنگ بہت گہرا یا سیاہ ہو تو یہ اندرونی خون بہنے کی علامت ہو سکتی ہے۔ یہ آنتوں میں خون جمع ہونے کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے۔ اگرچہ معدے کے السر سے بھی ایسا ہو سکتا ہے، لیکن اچانک فضلے کے رنگ یا شکل میں تبدیلی کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ہاضمے سے متعلق مسائل یا غیر واضح علامات مسلسل برقرار رہیں تو فوری طور پر معالج سے رجوع کرنا چاہیے۔

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع معلومات پر مبنی ہے، اس حوالے سے قارئین کو اپنے معالج سے مشورہ ضرور کرنا چاہیے۔

About نشرح عروج

Nashra is a journalist with over 15 years of experience in the Pakistani news industry.

Check Also

ایس ایس جی کمانڈر میجر عدنان اسلم شہادت کے رتبے پر فاٸز

إِنَّا اِلِلَّٰهِ وَإِنَّا إِلَيْهِ رَاجِعُونَ بہادری کی اعلیٰ مثال قاٸم کرنے والے ایس ایس جی …