امریکا میں مسجد کے باہر فائرنگ امامِ مسجد کو قتل کردیا گیا۔میڈیا کے مطابق یہ واقعہ امریکی ریاست نیو جرسی میں پیش آیا جہاں محمد مسجد سے باہر نکلتے وقت مسجد کے پیش امام حسن شریف پہ فائرنگ کی گئی ۔
واقعے پر ریاست کے اٹارنی جنرل نے کہا کہ امام حسن شریف کو متعدد گولیاں لگیں جس پر انہیں فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن بدقسمتی سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ اسپتال میں ہی زنگی کی بازی ہار گئے۔
اٹارنی جنرل نے یہ بھی کہا کہ فائرنگ کرنے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کی جارہی ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کرلیے گئے ہیں۔
اٹارنی جنرل نے مزید کہا کہ امام کو قتل کرنے کا مقصد تو فی الحال معلوم نہیں ہوسکا تاہم ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ کسی تعصب یا دہشگردی کا واقعہ نہیں۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق پلاٹکن کا دفتر بالعموم اس قسم کی معلومات کو ابتدائی مرحلے میں ظاہر نہیں کرتا ہے لیکن انہوں نے کہا کہ وہ مختلف عقائد بالخصوص مسلم کمیونٹی کے خلاف تعصب کے واقعات میں حالیہ اضافے کے مدنظر ایسا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جنگ کی وجہ سے امریکا میں کمیونیٹیز کے درمیان تعصب، اسلامو فوبیا اور یہود مخالف واقعات رونما ہوئے ہیں جب کہ اس ریاست میں 3 لاکھ سے زائد مسلمان آباد ہیں۔
نیوجرسی کے اٹارنی جنرل نے امام کے قتل کے بعد مقامی مسلمانوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،”ہم آ پ کے دکھ درد میں شریک ہیں اور ہم وعدہ کرتے ہیں کہ اس گھناونے جرم کے اسباب کا پتہ لگانے کو یقینی بنائیں گے۔”
امریکہ میں مسلمانوں کے شہری حقوق کی علمبردار سب سے بڑی تنظیم کاونسل آن امریکن اسلامک ریلیشنز (سی اے آئی آر) کی نیوجرسی شاخ نے ایک بیان میں حسن شریف کو”قیادت اور نمایاں کارکردگی کی علامت” بتایا اور کہا کہ چونکہ حملہ آور کے محرکات نہیں معلوم ہیں اس لیے تمام مساجد کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے دروازے کھلے رکھیں لیکن محتاط رہیں.
نیوجرسی کی تقریباً نوے لاکھ آبادی میں مسلمانوں کی تعداد تین لاکھ بیس ہزار کے قریب ہے۔
پلاٹکن نے یہ بھی کہا کہ “ہم اپنی کمیونٹی اور شراکت داروں میں سے ہر ایک سے یہ کہنا چاہتے ہیں کہ اگر وہ کچھ بھی جانتے ہوں ہو یا وہ جو کچھ کرنا چاہتے ہیں یا پھر اگر وہ خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں تو ہمیں اس سے آگاہ کریں تاکہ ہم اس کے مطابق اقدامات اٹھا سکیں۔امریکا میں مسجد کے باہر فائرنگ امامِ مسجد کو قتل کردیا گیا۔